نئی دہلی ، 28/مئی (ایس او نیوز /ایجنسی ) دہلی فسادات کیس میں سازش کے الزامات کا سامنا کر رہے جے این یو کے سابق اسکالر عمر خالد کو راحت نہیں ملی۔ منگل کو دہلی کی ایک عدالت نے خالد کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔ کڑکڑڈوما کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج سمیر باجپائی نے خالد کی درخواست مسترد کر دی۔
عمر خالد نے حالات میں تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے 14 فروری 2024 کو سپریم کورٹ میں اپنی درخواست ضمانت واپس لینے کے بعد ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ جسٹس بیلا ایم ترویدی اور پنکج مٹھل کی سپریم کورٹ بنچ 14 فروری کو کیس کی سماعت کرنے والی تھی، جب خالد کے وکیل، سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے عدالت کو مطلع کیا کہ درخواست ضمانت واپس لی جا رہی ہے۔
بار اور بنچ کی رپورٹ کے مطابق، سینئر ایڈوکیٹ کپل سبل نے کہا تھا، حالات میں تبدیلی کی وجہ سے، ہم پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں اور راحت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنا چاہتے ہیں، لیکن اب کڑکڑڈوما کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج نے عمر خالد کی درخواست ضمانت مسترد کر کے بڑا جھٹکا دے دیا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ عمر خالد کو ستمبر 2020 میں گرفتار کیا گیا تھا اور اس پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت مجرمانہ سازش، ہنگامہ آرائی، غیر قانونی اجتماع کے ساتھ ساتھ کئی دیگر جرائم کا الزام تھا۔ تب سے وہ جیل میں ہے۔ نچلی عدالت نے پہلے مارچ 2022 میں خالد کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
اس کے بعد عمر خالد نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جس نے اکتوبر 2022 میں انہیں ریلیف دینے سے بھی انکار کردیا، جس کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنی پڑی۔ مئی 2023 میں سپریم کورٹ نے اس معاملے میں دہلی پولیس سے جواب طلب کیا تھا۔ سپریم کورٹ میں ان کی درخواست 14 بار ملتوی کی گئی۔